Sunday, 19 September 2021

خاک رہ نفع سہی ہجر کمائی ہی سہی

 خاکِ رہ نفع سہی ہجر کمائی ہی سہی

منزلِ وصل نہیں، آبلہ پائی ہی سہی

ضعف تسلیم، مگر جمِ اسیرانِ جفا

کوئی چارہ تو کرو، شورِ دُہائی ہی سہی

رُخ سے پردہ تو ہٹے، محشرِِ دیدار تو ہو

چشمِ خنداں نہ سہی، چشم نمائی ہی سہی

میں تہی دست کہاں یاد بھی دے پایا اسے

وہ تو کچھ دے ہی گیا، رنجِ جدائی ہی سہی

دل کو تسکین سی ہے، جان سے جاتے جاتے

دہر میں کچھ تو کِیا، درد سرائی ہی سہی

آنکھ روتی ہی رہے، حاصلِ گِریہ نیر

اور کچھ بھی نہ سہی، دل کی صفائی ہی سہی


شہزاد نیر

No comments:

Post a Comment