Sunday, 12 September 2021

ہم خود بھی ہوئے نادم جب حرف دعا نکلا

ہم خود بھی ہوئے نادم جب حرفِ دعا نکلا

سمجھے تھے جسے پتھر وہ شخص خدا نکلا

اس دشت سے ہو کر بھی اک سیل انا نکلا

کچھ برگ شجر ٹوٹے، کچھ زور ہوا نکلا

الجھن کا سلجھ جانا اک خام خیالی تھی

جب غور کیا ہم نے اک پیچ نیا نکلا

اے فطرتِ صد معنی غالب کی غزل ہے تُو

جب حُسن تِرا پرکھا، پہلے سے سوا نکلا

ہم پاس بھی جانے سے جس شخص کے ڈرتے تھے

چُھو کر جو اسے دیکھا، مٹی کا بنا نکلا

پھولوں میں ہلال آؤ اب رقصِ خزاں دیکھیں

کانٹوں کے نگر میں تو ہر باغ ہرا نکلا


ہلال فرید

No comments:

Post a Comment