Thursday, 7 October 2021

فرش سے تا عرش سارے زمانے آپ کے

 فرش سے تا عرش سارے زمانے آپﷺ کے

ساری دنیاؤں کے ہیں مخفی خزانے آپ کے

اک طرف صدیقِ اکبر اک طرف روح الامینؑ

ہمسفر کیا کیا بنائے ہیں خدا نے آپ کے

ذرہ ذرہ آپ کی سچی رسالت کا گواہ

ذرے ذرے کی زباں پر ہیں ترانے آپ کے

کروٹیں لیتے ہیں میرے ذہن میں بدر وحنین

یاد آتے ہیں بہت ساتھی پرانے آپ کے

مرکزِ نور ونظر ہیں آپ کے غاور مزار

سب ٹھکانوں سے حسیں تر ہیں ٹھکانے آپ کے

حیرتیں گم ہو گئیں ہیں دانشیں ہیں لاجواب

رہ گئے اوصاف گِن گِن کر سیانے آپ کے

راستہ تکتی رہیں ان کی نگاہیں آپ کا

ہاتھ چومے ہیں رسولوں کی دعا نے آپ کے

آپ کی یادوں میں گم رہتا ہے انجم رات دن

خواب آتے ہیں اسے اکثر سہانے آپ کے


انجم رومانی

No comments:

Post a Comment