Friday, 10 December 2021

شک تجھ کو گمرہی کا کبھی راہبر نہ ہو

 شک تجھ کو گمرہی کا کبھی راہبر نہ ہو

یہ شرط ہے کہ خام شعورِ نظر نہ ہو

ناکامیوں سے عزم نکھرتا ہے اور بھی

دراصل معرکہ تو وہی ہے جو سر نہ ہو

منزل کی جستجو میں نکلنا فضول ہے

جب تک جنونِ شوق، شریکِ سفر نہ ہو

ہم اس امیرِ شہر سے ہیں عافیت طلب

کس حال میں ہیں ‌لوگ، جسے یہ خبر نہ ہو

یہ انتہائے غم ہے مسرّت کی ابتدا

ممکن نہیں کہ شب کا مقدر سحر نہ ہو

ہے آفریں انہیں جو ہنسے ہیں تمام عمر

ہم سے تو ایک رات بھی غم کی بسر نہ ہو

وہ چہرۂ ‌حسیں تو شگفتہ ہے پھول سا

کچھ نقص آئینے میں ہی آئینہ گر نہ ہو

مجھ کو اٹھا کے آپ پشیماں نہ ہوں ‌کہیں

وہ بزم کیا کہ جس میں کوئی دیدہ ور نہ ہو

ایسا بھی التفات گوارا نہیں‌ مجھے

جس کا نصیر شکر ادا عمر بھر نہ ہو


نصیر کوٹی

No comments:

Post a Comment