Monday, 13 December 2021

تمہارے بعد جینا زہر پینا ہے

 تمہارے بعد


تمہارے بعد جینا زہر پینا ہے

مگر اس زہر پینے سے تو میں مر بھی نہیں سکتا

کہ اب اس زہر میں غلطاں

مِری بیٹی کا چہرہ ہے

مِرے بیٹے کا چہرہ ہے

میں جب یہ زہر پیتا ہوں تو 

ان کے چہروں کی شیرینی مجھے مرنے نہیں دیتی

خدایا! تُو نے مجبوری کی زنجیریں 

یہ کیوں پیروں میں ڈالی ہیں

مِرے آنسو سوالی ہیں

میں جس کے بعد جینے کا تصور کر نہیں سکتا

میں اس کے بعد جینے کے لیے مجبور ہوں لوگو

میں اس سے دور ہوں لوگو

یہ جینا زہر ہے اور زہر میں دن رات پیتا ہوں

نہ مرتا ہوں، نہ جیتا ہوں

تمہارے بعد جتنے پھول شاخوں پر کِھلے دیکھے

نہ جانے کیوں

مجھے یہ پھول اب اچھے نہیں لگتے

اگرچہ رنگ بھی ان کے سہانے ہیں، سلونے ہیں

یہ اچھے پھول ہیں، ان کی مہک اچھی بھی ہو، شاید

مگر ان میں تمہارے قُرب کی خوشبو نہیں ملتی

تمہارے ساتھ جب

پھولوں کے میں نزدیک جاتا تھا

تو یوں لگتا تھا جیسے پھول کی خوشبو تمہاری ہے

لبوں پہ ان کے جو کِھلتی تھی، وہ اردو تمہاری ہے

تمہارے بعد، لیکن پھول اب باتیں نہیں کرتے

مِری تنہائی بھی چُپ ہے

مہکتے پھول بھی چُپ ہیں

تم آ جاؤ تو شاید درد کا موسم بدل جائے


ہلال نقوی

No comments:

Post a Comment