Saturday, 4 December 2021

ستارہ ہے نہ دیا ہے فلک کی اس جانب

 ستارہ ہے نہ دِیا ہے فلک کی اُس جانب

کوئی خلا سا خلا ہے فلک کی اس جانب

زمیں کا حالِ زبوں روز دیکھتا ہو گا

براجمان خدا ہے فلک کی اس جانب

فرشتے اس پہ برابر نظر رکھے ہوئے ہیں

جو شخص دیکھ رہا ہے فلک کی اس جانب

سمجھ کے صورِ سرافیل ڈر گئے ہیں لوگ

ذرا سا شور مچا ہے فلک کی اس جانب

پلٹ کے آیا تو لے جائے گا ہمیں بھی ساتھ

جو شہ سوار چلا ہے فلک کی اس جانب

سو عنبرین! کریں ملتوی وہاں کا سفر

اگر یہ پیار خطا ہے فلک کی اس جانب


عنبرین خان

No comments:

Post a Comment