Wednesday, 16 March 2022

شہر میں لاکھ چراغاں ہو تو کیا ہوتا ہے

 شہر میں لاکھ چراغاں ہو تو کیا ہوتا ہے

میرے گھر میں وہی مٹی کا دیا ہوتا ہے

درد سینے میں مِرے جب بھی مہک اٹھتا ہے

زخم یادوں کا تِری اور ہرا ہوتا ہے

داستاں غم کی سناؤں یہ ضروری تو نہیں

نفس مضمون تو چہرے پہ لکھا ہوتا ہے

شدت غم سے نہ مٹ جائے کہیں میرا وجود

روز اک غم مِری چوکھٹ پہ کھڑا ہوتا ہے

قتل کرتا ہے وہ ہر روز مجھے قسطوں میں

میرے احساس میں جو درد چھپا ہوتا ہے

تیری محفل سے نکل جاؤں یہی اچھا ہے

یہاں ہر روز نیا حشر بپا ہوتا ہے

غرق ہو جائے نہ کشتی کہیں ڈر سے عارف

ناخدا کہتا ہے منجدھار سے کیا ہوتا ہے


عارف اعظمی

No comments:

Post a Comment