Monday, 11 July 2022

جب تمہارے عشق میں میں نے جلائیں انگلیاں

 جب تمہارے عشق میں میں نے جلائیں انگلیاں

میرے پاگل پن پہ تم نے بھی اٹھائیں انگلیاں

چاہتوں کے دائرے جب بے نشاں ہونے لگے

پھر مِرے خون تمنا میں نہائیں انگلیاں

رات پھر ایسا ہوا کہ پیڑ کے سائے تلے

یاد آئے تم تمہاری یاد آئیں انگلیاں

چاہتوں کے سلسلے جب درمیاں بڑھنے لگے

اس نے بالوں میں مِرے اپنی گھمائیں انگلیاں

زندگی میری بھی اس دم جھومنے گانے لگی

فرط الفت سے مِری اس نے دبائیں انگلیاں

جب ملی تحریک مجھ کو قافیہ پیمائی کی

حرف کی حرمت لیے سجدے کو آئیں انگلیاں

سرنگوں کر کے جو پہنچی روضۂ اقدس پہ میں

جب دعا کو ہاتھ اٹھائے کپکپائیں انگلیاں

چشم و دل دیکھا کئے کہ ہاتھ میں افروز کی

انگلیوں سے مل کے اس کی جگمگائیں انگلیاں


افروز رضوی

No comments:

Post a Comment