Monday, 11 July 2022

خواب میں کچھ بھی دیکھا جا سکتا ہے

 خواب میں کچھ بھی دیکھا جا سکتا ہے 

خواب دیکھنا چاہیے

اور

خواب میں کچھ بھی دیکھا جا سکتا ہے 

دیکھا جا سکتا ہے خود کو

من پسند لڑکی سے بغلگیر ہوتے

اور

اسے گردن سے نیچے تک

چومتے ہوئے 

دیکھا جا سکتا ہے خود کو

ہزاروں لوگوں کے درمیان

کھیل کے آخری منٹ میں 

ایک قیمتی گول کرتے ہوئے

دیکھا جا سکتا ہے خود کو

آگ میں گھرے ہوئے ہوٹل کی

آٹھویں منزل پر پھنسے ہوئے بچے کو

معجزانہ طور پر بچا کر لاتے ہوئے 

دیکھا جا سکتا ہے خود کو

سینکڑوں مسافروں کے لیے

بحری قزاقوں سے لڑتے

اور

انہیں شکست دیتے ہوئے 

دیکھا جا سکتا ہے خود کو

بُل فائٹر کے لباس میں 

اور بے شمار تماشائیوں کے درمیان

ایک لڑکی کو

اپنے لیے دعا کرتے ہوئے 

خواب دیکھنا چاہیے

اور

خواب میں کچھ بھی دیکھا جا سکتا ہے

مگر

بھول جانا چاہیے خواب کو

دفتر کے لیے نکلنے سے پہلے

یا

راستے میں کسی غیرآباد سڑک پر

پھینک دینا چاہیے

سگریٹ کے خالی پیکٹ کی طرح


ساحر شفیق

No comments:

Post a Comment