عارفانہ کلام حمدیہ و نعتیہ کلام
ہم نے تجھے جانا ہے فقط تیری عطا سے
سورج کے اجالے سے فضاؤں سے خلا سے
چاند اور ستاروں کی چمک اور ضیا سے
جنگل کی خموشی سے، پہاڑوں کی انا سے
پُر ہول سمندر سے،۔ پُراسرار گھٹا سے
بجلی کے چمکنے سے، کڑکنے کی صدا سے
مٹی کے خزانوں سے، اناجوں سے غذا سے
برسات سے، طوفان سے، پانی سے، ہوا سے
ہم نے تجھے جانا ہے فقط تیری عطا سے
گلشن کی بہاروں سے تو کلیوں کی حیا سے
معصوم سی روتی ہوئی شبنم کی ادا سے
لہراتی ہوئی بادِ سحر،۔ بادِ صبا سے
ہر رنگ کے ہر شان کے پھولوں کی قبا سے
چڑیوں کے چہکنے سے تو بلبل کی نوا سے
موتی کی نزاکت سے تو ہیرے کی جلا سے
ہر شئے سے جھلکتے ہوئے فن اور کلا سے
ہم نے تجھے جانا ہے فقط تیری عطا سے
دنیا کے حوادث سے، جفاؤں سے، وفا سے
رنج و غم و آلام سے، دردوں سے دوا سے
خوشیوں سے تبسم سے، مریضوں کی شفا سے
بچوں کی شرارت سے تو ماؤں کی دعا سے
نیکی سے عبادات سے لغزش سے خطا سے
خود اپنے ہی سینے کے دھڑکنے کی صدا سے
رحمت تیری ہر گام پہ دیتی ہے دلاسے
ہم نے تجھے جانا ہے فقط تیری عطا سے
ابلیس کے فتنوں سے تو آدمؑ کی خطا سے
اوصاف براہیمؑ سے، یوسفؑ کی حیا سے
اور حضرت ایوبؑ کی تسلیم و رضا سے
عیسیٰ کی مسیحائی سے، موسیٰ کی عصا سے
نمرود کے، فرعون کے، انجامِ فنا سے
کعبے کے تقدس سے تو مروہ و صفا سے
تورات سے، انجیل سے، قرآں کی صدا سے
یٰس سے، طٰہٰ سے، مزمل سے، نبا سے
اک نور جو نکلا تھا کبھی غارِ حرا سے
ہم نے تجھے جانا ہے فقط تیری عطا سے
عتیق احمد جاذب
No comments:
Post a Comment