Saturday, 17 September 2022

ہوا کے زور سے جب بادبان پھٹنے لگے

 ہوا کے زور سے جب بادبان پھٹنے لگے

مسافر اپنے خداؤں کے نام رَٹنے لگے

ہمارے سینوں پہ اب بھی بہت جگہ ہے جناب

مگر تمہارے ہی ترکش میں تیر گھٹنے لگے

یزید وقت ہوا جس گھڑی سے تخت نشیں

ہمارے نام کے خنجر ہر اک میں بٹنے لگے

تمہاری خوشیاں بھی میری ہیں غم بھی میرے ہیں

یہ مال مفت نہیں جو ہر اک جھپٹنے لگے

اسے چراغ کا رتبہ کہوں یا رعب کہوں

ہوا کے پر مِری دہلیز پر سمٹنے لگے

یہ کس نے پھینکا ہے پتھر دھڑکتے شعلوں پر

شرارے ہو کے جدا آگ سے اُچٹنے لگے

تیرے محل کے حصاروں کی اینٹ جھڑنے لگی

نہ ایسا ہو تیرا شاہی وقار گھٹنے لگے

نواز ہم ہی تھے جو راستہ نہیں بدلہ

وہ زلزلہ تھے کے دریا بھی رہ سے ہٹنے لگے


نواز عصیمی

No comments:

Post a Comment