عارفانہ کلام نعتیہ کلام
یہ عجیب راستے ہیں کوئی ہمسفر کہاں ہے
میں تو خود کو چھوڑ آئی یہ نبیؐ کا آستاں ہے
یہ دیارِ مصطفیٰؐ ہے یہاں وقت رک گیا ہے
اسی در پہ روشنی ہے اسی چھاؤں میں اماں ہے
یہاں عجز کے مراتب، یہاں آرزو بھی منصب
بڑا خوش نصیب ہے جو پسِ گردِ کارواں ہے
یہ مقام ہے ادب کا نہ اٹھا سکی ہوں پلکیں
جو چھلک گیا ہے آنسو وہ متاعِ عرضِ جاں ہے
وہ حریمِ پاک ہے یہ جہاں رفعتیں جھکی ہیں
یہ وقارِ ہر دو عالم،۔ یہ جمالِ ہر زماں ہے
یہ تجلیوں کا عالم مجھے کیا خبر کہاں ہوں
جو ادا نہ ہو زباں سے وہی حرف ترجماں ہے
ادا جعفری
No comments:
Post a Comment