Saturday, 7 October 2023

ساحل تھا بہت دور پے دریا مرے آگے

 ساحل تھا بہت دور پے دریا مِرے آگے

نخوت سے بھرا پِھرتا تھا قطرہ مرے آگے

رشتوں کے تعلق کو بھی مجروح کیا ہے

دیواروں کی صورت میں ہے سیما مرے آگے

نکلا جو ارادہ لیے، رُسوائی کا میری

کر ڈالا اسے رب نے ہی رُسوا مرے آگے

ہاں دوستی جب سے مِری جگنو سے ہوئی ہے

ظلمت ہے بہت پیچھے، اجالا مرے آگے

جب سے مِرے اللہ نے دی فقر کی دولت

خود کاسہ لیے آ گئی دنیا مرے آگے

مانا کہ یہ دنیا بھی مکافات عمل ہے

اک دن جو کیا، سامنے آیا مرے آگے

جب یاد کے افلاک پہ تاروں کی کمی تھی

بنتا گیا ہر اشک ستارا مرے آگے

میں جیسے تماشائی بنا دیکھ رہا ہوں

ہوتا ہے شب و روز تماشا مرے آگے

اک حرف بھی میرا نہیں مولا کا دیا ہے

تم لاکھ کہو اس کو صحیفہ مرے آگے

بستی ہے کہاں یہ تو کوئی گورکدہ ہے

اٹھتا ہے جنازوں پہ جنازہ مرے آگے

پُر پیچ سی راہوں نے ہی بھٹکا دیا مفتی

حالانکہ تھا اک سیدھا سا رستہ مرے آگے


ایاز مفتی

No comments:

Post a Comment