عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
اے خدا رہنمائی دے ہم کو
راہِ حق تک رسائی دے ہم کو
لذتِ پارسائی دے ہم کو
معصیت سے رہائی دے ہم کو
پھر غمِ دل سے چُور ہو جائیں
درد سے آشنائی دے ہم کو
وہ بصیرت دے ذرہ ذرہ میں
تیرا جلوہ دکھائی دے ہم کو
وہ نظر دے کہ جس سے پھر یا رب
راہ تیری سُجھائی دے ہم کو
شک کے کانٹوں سے زخم زخم ہیں ہم
پھر یقیں آشنائی دے ہم کو
منتِ غیر سے رہا کر دے
اپنے در کی گدائی دے ہم کو
تیری الفت کہ تیرے بندوں کی
جو بھی دے انتہائی دے ہم کو
اے محمدﷺ کے رب نیاز کی سُن
منزلوں تک رسائی دے ہم کو
نیاز گلبرگوی
No comments:
Post a Comment