Sunday, 29 March 2026

ہمسفر اب مرے پہلو میں مرا دل نہ رہا

 ہمسفر اب مِرے پہلو میں مِرا دل نہ رہا

جس میں تو گرم سفر تھا وہی محمل نہ رہا

کس کی امید پہ لڑتا پھروں طوفانوں سے

منتظر اب مِرا کوئی لب ساحل نہ رہا

جس پہ مر مر کے ہمیں ڈھنگ سے جینا آیا

کیا کریں اب سرِ مقتل وہی قاتل نہ رہا

اب خیالات کی محفل بھی نہیں سج پاتی

دلِ تنہا میں کوئی رونقِ محفل نہ رہا

جاں بلب یوں بھی مجھے ہجر نے کر ڈالا ہے

اے مِری موت! تِرا کام بھی مشکل نہ رہا

آج کے دور میں اپنوں سے شکایت کیسی

ساتھ اپنا بھی وفا میں ہمیں حاصل نہ رہا

ناز و انداز میں ہے نخوت و پندار کی بو

شاید آئینہ کوئی اس کے مقابل نہ رہا

بے وفا کتنا وفادار رہا تیرا خیال

ایک لمحہ بھی مِرے حال سے غافل نہ رہا

جو تِرے حسن کا منکر تھا وہ مضمون کبھی

میرے افکار کے عنوان میں شامل نہ رہا

دھڑکنوں میں نہ کوئی کیف نہ ہلچل ہے مجیب

طرزِ اول کی روش پر دلِ بسمل نہ رہا


سید محمد مجیب الحسن

No comments:

Post a Comment