Sunday, 29 March 2026

اس پر فدا حروف تھے قربان لفظ لفظ

 اس پر فدا حروف تھے قربان لفظ لفظ

دل میں اتر گیا وہی ارمان لفظ لفظ

دل کا غبار شعروں میں بین السطور تھا

چپ تھے ردیف و قافیہ انجان لفظ لفظ

جب کوئی نقص میری غزل میں نہ مل سکا

پڑھنے لگا وہ غور سے دیوان لفظ لفظ

ہر اک سوال کا تجھے مل جائے گا جواب

تُو پڑھ کے دیکھ مجھ کو مِری جان لفظ لفظ

مفہوم کھل نہ پایا جو خط کا مِرے اثر

پڑھنے لگا وہ ہو کے پریشان لفظ لفظ


محمد علی اثر

No comments:

Post a Comment