Sunday, 15 March 2026

شکم کے گہرے غاروں میں اجالا کون دیتا ہے

 شکم کے گہرے غاروں میں اجالا کون دیتا ہے

توے پر روٹیاں، منہ میں نوالہ کون دیتا ہے

کہیں گل کے قصیدے ہیں کہیں خوشبو کے چرچے ہیں

میں مٹی ہوں، مگر میرا حوالہ کون دیتا ہے

متاعِ جان و ایماں کا محافظ کس کو کہتے ہیں

دہانِ غار پر مکڑی کا جالا کون دیتا ہے

عصا دیمک زدہ ہے اور کمر بھی جب خمیدہ ہو

کہ جب پیروں میں رعشہ ہو سنبھالا کون دیتا ہے

مسلط کس نے کی ہے دوپہر پر نیم کی چھاؤں

نظام ایسے فقیروں کو دو شالہ کون دیتا ہے


نظام الدین نظام

No comments:

Post a Comment