Tuesday, 24 November 2026

سنہرے خواب کی تعبیر بھی ڈراتی ہے

 سُنہرے خواب کی تعبیر بھی ڈراتی ہے

غریبِ وقت کو تقدیر بھی ڈراتی ہے

کسی کو خوفزدہ کرتی ہے یہ گُمنامی

کسی کو کثرتِ تشہیر بھی ڈراتی ہے

وہ جن کے دل میں ہے شُبہات کی فراوانی

اسے شِکستہ سی زنجیر بھی ڈراتی ہے

زبانِ خلق ہے نقارۂ خُدا بے شک

لہٰذا ہم کو یہ تقصیر بھی ڈراتی ہے

عجب یہ حال ہے جو قوم کل بہادر تھی

اسے شِکستہ سی شمشیر بھی ڈراتی ہے

بہت سے اہلِ جنُوں ایسے ہیں جنہیں راقم

کسی کے حُسن کی تنویر بھی ڈراتی ہے


عمران راقم

محمد حسن عمران

No comments:

Post a Comment