Saturday, 21 November 2026

عشق نے تیرے نہ جانے کیا تماشا کر دیا

 عِشق نے تیرے نہ جانے کیا تماشا کر دیا

ایک قطرہ تھا میں لیکن مُجھ کو دریا کر دیا

جب جنُوں میرا بڑھا تو اُس نے ایسا کر دیا

اُن کو شرمندہ کِیا اور مُجھ کو رُسوا کر دیا

عِشق میرا چھُپ نہیں سکتا چھُپانے سے مِرے

آنسوؤں نے خوب بہہ کر اس کو افشا کر دیا

ایک جلوہ جو کبھی تُو نے دِکھایا تھا مجھے

تیرے اس جلوے ہی نے محوِ تماشا کر دیا

کون سی تھی وہ خطا جس کی مُجھے دی یہ سزا

بزم سے تُو نے اُٹھا کر مجھ کو رُسوا کر دیا

اب تلاشِ چارہ گر میں کیوں کروں اور کس لیے

درد نے اب تو مِرا خُود ہی مداوا کر دیا

کیا ضُرورت ہے چھُپانے کی مِرے قاتل کو اب

خُون نے اس کو زباں سے آشکارہ کر دیا

میں بہت ممنُونِ احساں ہوں عزیز اس عِشق کا

جس نے میرے قلب کو حُسنِ مجلیٰ کر دیا


عزیز مرادآبادی

No comments:

Post a Comment