عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
گھبرائیں نہ محشر میں غلامانِ محمدﷺ
سائے کے لیے کافی ہے دامانِ محمدﷺ
خاطر میں نہیں لاتے ہیں شاہانِ جہاں کو
کس شان کے ہوتے ہیں گدایانِ محمدﷺ
انگُشت بدنداں ہوئے جرئیلؑ امیں بھی
معراج سے ظاہر جو ہوئی شانِ محمدﷺ
کرتا ہے کوئی جان، کوئی مال نِچھاور
ہیں ایک سے اک بڑھ کے فدایانِ محمدﷺ
انعام میں پا جاتے ہیں ایمان کی دولت
جو دل سے بجا لاتے ہیں فرمانِ محمدﷺ
ہے قبلۂ ایمان اگر خانۂ کعبہ
تو مرکزِ تدریس ہے ایوانِ محمدﷺ
نازاں ہو نذیر اپنے مقدر پہ نہ کیونکر
ہے فضلِ خُدا سے جو ثناخوانِ محمدﷺ
نذیر انصاری
No comments:
Post a Comment