Wednesday, 18 November 2026

ہے کٹھن راہ تو گر گر کے سنبھلنا ہو گا

 ہے کٹھِن راہ تو گِر گِر کے سنبھلنا ہو گا

اپنی منزل کی طرف دوڑ کے چلنا ہو گا

اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے

خوابِ غفلت سے کسی طور نکلنا ہو گا

تیز آندھی میں جلانا ہے اگر اپنا چراغ

رُخ ہواؤں کا بہہر حال بدلنا ہو گا

بن کے اُلفت کی گھٹا تم یہاں برسو ورنہ

آگ نفرت کی جو بھڑکے گی تو جلنا ہو گا

چُپ رہو گے تو نہ مل پائے گا انصاف کبھی

اس کو پانے کے لیے تم کو مچلنا ہو گا

زندگی مانگ رہی ہے جو اُمنگوں کی دلیل

تم کو دریا کی طرح پھر سے اُبلنا ہو گا

تم جو چاہو کہ اُجالا ہو تِرے دم سے منیب

بن کے ایک شمع یہاں تُجھ کو پِگھلنا ہو گا


منیب مظفرپوری

No comments:

Post a Comment