Wednesday, 18 November 2026

مجھے منظور تھی راحت نہ سکون ابدی

 تُو جانتا ہے


مجھے منظُور تھی راحت نہ سکونِ ابدی

میں گُنہگار مُجھے سوزِ نہاں کافی تھا

میری درستگئ جاں کو جہانِ گُزراں کافی تھا

عِشرتِ درد کو سمجھا تھا خزِینہ اپنا

میں نے سونپا تھا محبت کو سفِینہ اپنا

تُو نے دیکھا مِرے ماتھے پہ لہُو کا قشقہ

میری آزُردہ ہتھیلی میں لہُو کی مہندی

میری مجبُور نِگاہوں میں لہُو کا نوحہ

مِری چاہت بھی، مِرے خوابِ کرم بھی گھائل

حد تو یہ ہے مِرے غم بھی گھائل

پسِ زِنداں مِرے سرو و ریحاں

لالہ و گُل مِرے زنجیر بکف دیکھے ہیں

جانے کس ہاتھ نے، تُو جانتا ہے

مِرے آنگن کے اُجالوں میں لہُو گھول دیا

اور میں زِندہ ہوں

زِندگی کے کہیں مُجھ سے بھی ہدف دیکھے ہیں


ادا جعفری

No comments:

Post a Comment