دُوسرا رُخ
اُجالے سے کہا بڑھتی ہوئی تاریکیوں نے
تمہاری زِندگی کا اب تو وقتِ شام آ پہنچا
جوانی ڈھل چکی اب موت کا پیغام آ پہنچا
تمہاری تمکنت کا آخرِش انجام آ پہنچا
ذرا جاتے ہوئے تم اپنے سُورج کو تو دیکھو
پشیمانی سے چہرہ سُرخ اس کا ہو گیا ہے
نہ جانے کن خیالوں میں وہ اپنے کھو گیا ہے
لُٹا جاتا ہے سارا سونے چاندی کا خزانہ
مگر احساس ہی کچھ تھک کے شاید سو گیا ہے
تنِ لاغر میں اب کچھ بھی نہیں ہے جان باقی
مِٹا دے گی سیاہی جو بھی ہے پہچان باقی
عدم ہونے سے پہلے ایک موقع تم کو دیتے ہیں
چلو ہم دوستی کر لیں، گلے مِل جائیں ہم دونوں
تمہاری روشنی سے کچھ سیاہی ہم بھی دھو ڈالیں
ہماری تیرگی سے کچھ ملاحت حُسن میں آئے
سیاہی کو ہماری تم بنا لو خال چہرے کا
نظامِ گردشِ شام و سحر میں یوں خلل ڈالیں
نفاقِ دائمی کو آؤ قُربت میں بدل ڈالیں
اُجالا ڈوبتی آواز میں گویا ہوا اس سے
تمہارا خواب بس اک خواب ہے تعبیر ناممکن
کبھی ہوتی بھی ہے ظُلمت میں ضم تنویر ناممکن
حقیقت چھُپ نہیں سکتی کبھی باطل کی ظُلمت سے
نِگل سکتی نہیں ہرگز کبھی سُورج کو تاریکی
ہمارے مخزنِ انوار کو موت آ نہیں سکتی
یہ پسپائی کی صُورت میں بھی پسپا ہو نہیں سکتا
اندھیرے سے مِلائے ہاتھ ایسا ہو نہیں سکتا
یہ ڈُوبے گا تو پھر اُبھرے گا ماہ و نجم کی صُورت
اُبھر کر وُسعت آفاق میں پھر پھیل جائے گا
سحر ہونے سے پہلے اقتدارِ تیرۂ شب کو مِٹا دے گا
خراجِ صُبح بھی لے گا
شمیم زمانوی
No comments:
Post a Comment