Friday, 20 November 2026

اس کی تلاش میں گئے وہم و گماں سے ہم

 اس کی تلاش میں گئے وہم و گُماں سے ہم

جس کو بیان کر نہیں سکتے زباں سے ہم

تسکین دے رہے ہیں💔دلِ نا مُراد کو

لاتے ہیں گردِ راہ، رہِ کارواں سے ہم

دِیوانگی کی داد اگر دے سکیں تو دیں

کچھ اور چاہتے نہیں اہلِ جہاں سے ہم

رستوں سے باخبر بھی ہیں، منزل شناس بھی

یہ اور بات چھُوٹ گئے کارواں سے ہم

یہ کیا ہُوا کہ آنکھیں بھی خُوں بار کر گیا

"وہ رازِ دل جو کہہ نہ سکے رازداں سے ہم"

دار و رسن کے باقی ہیں کچھ اور باب بھی

فارغ نہیں ہوئے ہیں ابھی امتحاں سے ہم

توبہ کریں نذیر!! غمِ عاشقی کی بات

کرتے بیان اور پھر اپنی زباں سے ہم


نذیر انصاری

No comments:

Post a Comment