Thursday, 23 July 2020

دل نے امداد کبھی حسب ضرورت نہیں دی

دل نے امداد کبھی حسبِ ضرورت نہیں دی
دشت میں عقل نہ دی شہر میں وحشت نہیں دی
عشق تو آج بھی ہے کس کے لہو سے سرسبز
کس مہم کے لیے ہم نے تجھے اجرت نہیں دی
"دھوپ بولی کہ "میں آبائی وطن ہوں تیرا
میں نے پھر سایۂ دیوار کو زحمت نہیں دی
سر سلامت لیے لوٹ آئے گلی سے اس کی
یار نے ہم کو کوئی ڈھنگ کی خدمت نہیں دی
"عشق میں ایک بڑا ظلم ہے "ثابت قدمی
وقت نے بھی ہمیں اس باب میں قدرت نہیں دی
فرحتؔ احساس تو ہم خود ہی بنے ہیں، ورنہ
فرحت اللہ نے کبھی اس کی اجازت نہیں دی

فرحت احساس

No comments:

Post a Comment