Saturday, 11 September 2021

فکر و احساس کے تپتے ہوئے منظر تک آ

 فکر و احساس کے تپتے ہوئے منظر تک آ

میرے لفظوں میں اتر کر مِرے اندر تک آ

کہیں ایسا نہ ہو کہ رک جائیں قلم کی سانسیں

اے مِری جانِ غزل! اپنے سخنور تک آ

ورنہ خوابوں کی تپش تجھ کو جلا ڈالے گی

میری جاگی ہوئی نیندوں کے سمندر تک آ

سرد کمرے کی سلگتی ہوئی تنہائی میں

میری سانسوں سے نکل کر مِرے بستر تک آ

در و دیوار معطر ہوں تِری خوشبو سے

دل میں مت آ مگر اک بار مِرے گھر تک آ

اس سے کہنا ہے سلیم اگلی ملاقات میں یہ

خواب بن کر کبھی آنکھوں کے مقدر تک آ


سردار سلیم

No comments:

Post a Comment