Saturday, 11 December 2021

جہان بھر کی حکومتوں سے نوازتا ہے

عارفانہ کلام حمدیہ کلام


جہان بھر کی حکومتوں سے نوازتا ہے

وہ اپنے بندوں کو عظمتوں سے نوازتا ہے

اسی کی دھرتی، فلک بھی اس کا وہ سب کا خالق

وہ ان گِنت اپنی نعمتوں سے نوازتا ہے

ہر ایک شے پہ محیط ہے اس کی حکمرانی

رحیم آقا ہے، رحمتوں سے نوازتا ہے

ہو جس زمیں پہ نظام اس کا، کلام اس کا

وہ اس زمیں کو صباحتوں سے نوازتا ہے

ہے ذکر اس کا سکونِ قلب و نظر کا باعث

وہ بے سکونی میں راحتوں سے نوازتا ہے

وہی خدا ہے، ازل بھی اس کا ابد بھی اس کا

ہمیشہ اپنی محبتوں سے نوازتا ہے

وہ جانتا ہے، جو سامنے ہے جو غیب میں ہے

ہمیں بھی آصف وہ حکمتوں سے نوازتا ہے


آصف راز

No comments:

Post a Comment