Sunday, 5 December 2021

اپنی ماں کی دعائیں پاتا ہوں

اپنی ماں کی دعائیں پاتا ہوں

اس لیے ہی تو مسکراتا ہوں

پیار کی بھوک جب ستاتی ہے

دوستوں سے فریب کھاتا ہوں

یہ بھی میرے لیے عبادت ہے

راستوں میں دِیے جلاتا ہوں

لوگ فرہاد مجھ کو کہتے ہیں

گھر میں جب جوئے شیر لاتا ہوں

مجھ کو پتھر حبیب لگتا ہے

جب اسے حال دل سناتا ہوں

اس سے میں کچھ بھی لے نہیں سکتا

جب وہ کہتا ہے؛ لے میں داتا ہوں

میرے غم میرے بچوں جیسے ہیں

میں جنہیں گود میں کھلاتا ہوں

وہ ہی جڑواتا ہے انگوٹھی میں

جس کسی کو میں راس آتا ہوں

لوگ سمجھے کہ اشک بہتے ہیں

میں تو آنکھوں سے گیت گاتا ہوں

دوسرے سے نہیں غرض مجھ کو

میں تو بس اپنے من کو بھاتا ہوں

میری آنکھیں ہیں میری شاگردہ

شرم کرنا جنہیں سکھاتا ہوں

لطف پرواز لینے کی خاطر

من کے پنچھی کو خود اڑاتا ہوں


سردار پنچھی

کرنیل سنگھ

No comments:

Post a Comment