Wednesday, 8 December 2021

وقت کی جو پیروں میں بیڑیاں نہیں ہوتیں

وقت کی جو پیروں میں بیڑیاں نہیں ہوتیں

آپ سے کبھی اتنی دوریاں نہیں ہوتیں

میں جنوں نوازی سے تنگ آ گیا اے دل

مجھ سے اب گریباں کی دھجیاں نہیں ہوتیں

بحر عشق بس تم سے حوصلے کا طالب ہے

آگ کے سمندر میں کشتیاں نہیں ہوتیں

یہ شجر سیاسی ہیں ان سے چھاؤں مت مانگو

ان میں ٹہنیاں تو ہیں،۔ پتیاں نہیں ہوتیں

یہ نہ دیکھ پائیں گے مُفلسوں کی مجبوری

اہلِ زر کی آنکھوں میں پُتلیاں نہیں ہوتیں

وقت کی شکایت تو بس وہ لوگ کرتے ہیں

نبضِ وقت پر جن کی اُنگلیاں نہیں ہوتیں

وہ تو خُود زمانے کا اعتماد کھوتے ہیں

بند جن کے ہاتھوں کی مُٹھیاں نہیں ہوتیں

جب کوئی مقابل ہو یہ خیال بھی رکھیے

دُشمنوں کے ہاتھوں میں چُوڑیاں نہیں ہوتیں

بیج بو کے نفرت کے چاہتے ہو ہمدردی

یوں حسن! محبت کی کھیتیاں نہیں ہوتیں


حسن فتحپوری

حسن مصطفیٰ رضوی

No comments:

Post a Comment