Thursday, 23 December 2021

ذکرِ رسول پاک بھلایا نہ جائے گا

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


 دل میں کسی کو اور بسایا نہ جائے گا

ذکرِ رسولِ پاکﷺ بُھلایا نہ جائے گا

وہ خود ہی جان لیں گے، جتایا نہ جائے گا

ہم سے تو اپنا حال سنایا نہ جائے گا

ہم کو جزا ملے گی محمدﷺ کے عشق کی

دوزخ کے آس پاس بھی لایا نہ جائے گا

روشن رہے گا داغِ فراقِ شہِ اممﷺ

یہ وہ چراغ ہے جو بجھایا نہ جائے گا

بے شک حضورﷺ شافعِ محشر ہیں، مُنکرو

کیا انؐ کے سامنے تمہیں لایا نہ جائے گا

کہتے تھے یہ بلالؓ تشدد پہ کفر کے

عشقِ نبیؐ تو دل سے مٹایا نہ جائے گا

مانے گا انؐ کی بات خدا، حشر میں نصیر

بِن مصطفیٰﷺ، خدا کو منایا نہ جائے گا


سید نصیرالدین نصیر 

No comments:

Post a Comment