Monday, 20 December 2021

ایک صفحہ پڑھ لیا تھا جنوں کی کتاب کا

 ایک صفحہ پڑھ لیا تھا جنوں کی کتاب کا

اب تک خِرد کو ہوش نہیں ہے جواب کا

دم بھر میں جزوِ موجۂ گرداب آشنا

دم بھر کو ہے بھنور میں سفینہ حباب کا

کلیاں کِھلیں، پھوار پڑی، پھول ہنس پڑے

تھا تذکرہ چمن میں تمہارے شباب کا

ہم نے جو حرفِ راز سرِ دار کہہ دیا

دیباچہ بن گیا ہے وفا کی کتاب کا

چہرہ سفید صبح کا کچھ بے سبب نہیں

شرمندہ داغِ دل سے ہے داغ آفتاب کا

موقوف ایک حشر پہ دل کی مراد تھی

اب ہوش ہی کسے ہے عذاب و ثواب کا

آہنگِ آشنائے طلوع و غروب ہوں

سُنتا ہوں صبح و شام گجر انقلاب کا


خالد علیگ

No comments:

Post a Comment