Wednesday, 15 December 2021

یہ نام ہے کس کا کہ دہن کانپ رہا ہے

 یہ نام ہے کس کا کہ دہن کانپ رہا ہے

دشمن کا بھرم زیرِ کفن کانپ رہا ہے

انساں نے اٹھایا ہے بڑا فتنہ زمیں پر

اب آمدِ انسان سے رن کانپ رہا ہے

تتلی نے کیا ترکِ تعلق جو گلوں سے

طائر کی فقیری سے چمن کانپ رہا ہے

احساس نے دیکھا ہے عجب سیلِ رواں اب

لفظوں کے تصادم سے سخن کانپ رہا ہے

شہروں میں لرزتی ہیں پرندوں کی اڑانیں

جنگل میں درختوں کا بدن کانپ رہا ہے

یہ حال عدالت کا ہے اس دیس میں عادل

اب نام پہ انصاف کے من کانپ رہا ہے


عادل اشرف

No comments:

Post a Comment