Tuesday, 21 December 2021

اتنا تو جانتے ہیں کہ عاشق فنا ہوا

 اتنا تو جانتے ہیں کہ عاشق فنا ہوا

اور اس سے آگے بڑھ کے خدا جانے کیا ہوا

شانِ کرم تھی یہ بھی اگر وہ جدا ہوا

کیا محنت طلب میں نہ حاصل مزا ہوا

میں اور کوئے عشق مِرے اور یہ نصیب

ذوقِ فنا، خضرؑ کی طرح رہنما ہوا

پہچانتا وہ اب نہیں دشمن کو دوست سے

کس قید سے اسیرِ محبت رہا ہوا

کیا کیا نہ اس نے پورے کئے مدعائے دل

لیکن پسند اسے دلِ بے مدعا ہوا

اس کا پتہ کسی سے نہ پوچھو، بڑھے چلو

فتنہ کسی گلی میں تو ہو گا اٹھا ہوا

پیچیدہ تھی جو سر میں ہوائے رضائے دوست

آسی مرید سلسلۂ مرتضیٰؑ ہوا


آسی غازیپوری

ﺁﺳﯽ ﻏﺎﺯی پوﺭﯼ

No comments:

Post a Comment