Wednesday, 15 December 2021

داغ جلتا ہے مرے سینے میں

 داغ جلتا ہے مِرے سینے میں

دل پگھلتا ہے مرے سینے میں

شیشہ و سنگ مقابل آئے

کچھ چٹختا ہے مرے سینے میں

رات بھر رازِ خرد سرِ جنوں

دل اگلتا ہے مرے سینے میں

اس لیے دشت سے مانوس ہوں میں

شہر بستا ہے مرے سینے میں

چوڑیاں کھنکی ہیں پھر رات گئے

حسن سجتا ہے مرے سینے میں

پھر خزاں میں کھلا باغی غنچہ

دل لرزتا ہے مرے سینے میں

اسم ساقی وہی اسم اعظم

کون جپتا ہے مرے سینے میں

بے خودی اور خودی کا تاگا

جا الجھتا ہے مرے سینے میں

بادہ سقراط وہاں پیتا ہے

دم نکلتا ہے مرے سینے میں

بادہ سقراط سے طلعت کو ملا

سچ پنپتا ہے مرے سینے میں


طلعت فاروق

No comments:

Post a Comment