Saturday, 18 December 2021

عقل ہے تو گیان بھی ہو گا

 عقل ہے تو گیان بھی ہو گا

ہے زباں تو بیان بھی ہو گا

جانے والے کو ڈھونڈ لوں گا میں

کچھ کہیں تو نشان بھی ہو گا

سوچ لینا تُو پہلے کرنے سے

عشق میں امتحان بھی ہو گا

آج محفل ہے حُسن والوں کی

صاحبِ صاحبان بھی ہو گا

سارے دشمن نہیں زمانے میں

کوئی تو مہربان بھی ہو گا

شہر سارا تو بد زبان نہیں

ایک تو خوش گمان بھی ہو گا

اِن دنوں جو فقط کہانی ہے

کل وہی داستان بھی ہو گا

قتل پھولوں کا کرنے والوں میں

دیکھنا باغبان بھی ہو گا

عشق میں سب تو مر نہیں جاتے

کوئی تو نیم جان بھی ہو گا

مانتا ہوں کہ سارے طالب ہیں

طالبِ طالبان بھی ہو گا

حشر کے دن کی ایک خوبی ہے

سیدِ سیدان بھی ہو گا

حُسن ہے یہ حساب کے دن کا

جلوہ گر لامکان بھی ہو گا

عاجزی جس نے عابد اپنا لی

ایک دن کامران بھی ہو گا


ایس ڈی عابد

No comments:

Post a Comment