Thursday, 16 December 2021

تصور میں نبی کے شہر کا منظر بھی ہوتا ہے

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


تصور میں نبیﷺ کے شہر کا منظر بھی ہوتا ہے

غمِ ہجراں میں لیکن میرا دامن تر بھی ہوتا ہے

ہمیں قرآں بتاتا ہے یہ سنّت ہے رسولوں کی

نبی کارِ نبوّت کے لیے بے گھر بھی ہوتا ہے

نبیﷺ چھولیں اگر سوکھا شجر سرسبز ہوجائے

اگر چومیں لبوں سے معتبر پتھر بھی ہوتا ہے

کیے ظلم و ستم سرکارﷺ نے انگیز ایسے بھی

کہ جن کا سوچنا اپنے لیے دوبھر بھی ہوتا ہے

سفیر آتا ہے فارس کا اگرچہ کر و فر کے ساتھ

چٹائی پر نبیﷺ کو دیکھ کر ششدر بھی ہوتا ہے

حیاتِ مصطفیٰﷺ کا جزوِ لازم بوریا ٹھہرا

تہجد میں مصلٌیٰ بعد میں بستر بھی ہوتا ہے

نبیﷺ کی پرورش کا فیض ہو جس کے مقدر میں

وہ دیدہ ور بھی ہوتا ہے علیؓ حیدر بھی ہوتا ہے

درِ سرکارﷺ پر نعتیں خلش! رو کر سناتےہیں

ہمارے خواب میں یہ واقعہ اکثر بھی ہوتا ہے


اقبال خلش

No comments:

Post a Comment