Thursday, 16 December 2021

جاتے ہی آقا کے بزم عرش یوں اترائی تھی

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


جاتے ہی آقاؐ کے بزمِ عرش یوں اترائی تھی

مثلِ دولہن خُلد کی زیبائش و زیبائی تھی

محفل میلاد اقدسﷺ میں ہوا یہ معجزہ

بُوئے شہر مصطفیٰؐ بادِ صبا لے آئی تھی

گود میں جس کی مِرے سرکار دو عالمؐ پلے

رانیوں شہزادیوں سے اعلٰی تر وہ دائی تھی

شہر میں کیا رات ذکر آقاﷺ ہوتا تھا کہیں

رحمت و انوار کی ہر سُو گھٹا سی چھائی تھی

وہ جو دیوانہ نبیﷺ کا کرتا تھا بے ربط بات

اس کے جملوں میں نہ پوچھو کس قدر گہرائی تھی

جب نہیں تھا خوف آل مصطفٰیؐ کا تو یزید

عابد بیمار کو زنجیر کیوں پہنائی تھی

مرحبا آقاﷺ نے اے زاہد! بچا لی آبرو

ورنہ محشر میں مِری رسوائی ہی رسوائی تھی


زاہد رضا بنارسی

No comments:

Post a Comment