Wednesday, 16 March 2022

مرے شہر میں مری آخری وہ عجیب شب تھی وصال کی

 مِرے شہر میں مِری آخری

وہ عجیب شب تھی وصال کی

کہ چمن میں چھایا دھواں سا تھا

کہاں شبنمی وہ بہار تھی

وہ چنبیلی خوشبو بکھیرتی

وہ بھری سی شاخیں گلاب سی

کہ ہر ایک پتی تھی نوحہ خواں

تھی کلی کلی بھی نڈھال سی

تھے وہ مجھ سے جیسے گلہ کناں

میں چلی ہوں کیوں انہیں چھوڑ کے

تھیں لرزتی کانپتی ڈالیاں

کہ لبوں پہ سب کے تھے مرثیے

یہ بیان کرتے تھے پیرہن

ہمیں خود سے تم نہ جدا کرو

تری خوشبوؤں میں بسے ہیں ہم

ہمیں اپنے ساتھ ہی لے چلو

تھا عجیب شور سا ہر طرف

کہ سماعتیں بھی لرز گئیں

مِری سِسکیاں مری آہیں بھی

مِرے دل میں خوف سے جا چھپیں

نہ سمے رکا نہ میں رک سکی

کہ وطن ہی مجھ سے بچھڑ گیا

وہی مٹی جس کا خمیر تھی

وہی شہر مجھ سے بچھڑ گیا


نفیسہ سلطانہ انا

No comments:

Post a Comment