Tuesday, 5 July 2022

جیسے سائل کو عطا ہوتے ہیں خیرات کے زخم

 جیسے سائل کو عطا ہوتے ہیں خیرات کے زخم

ویسے ورثے میں ملے مجھ کو روایات کے زخم

پہلے اجداد سے جاگیر میں تنہائی ملی

پھر تسلسل سے لگے ہیں مجھے حالات کے زخم

جو درِ یار پہ مقبول کبھی ہو نہ سکیں

وقت بھر سکتا نہیں ایسی مناجات کے زخم

صرف لہجے کی حلاوت کا ہے شیدائی جہاں

کس نے دیکھے ہیں بھلا طربیہ نغمات کے زخم

جن پہ یک لخت مسلط ہوئے ہیں ہجر کے روگ

صرف سمجھیں گے وہ ہی مرگِ مفاجات کے زخم

میری قسمت پہ ہے چھایا شبِ فرقت کا فسوں

سایہ ڈھلتے ہیں سلگتے ہیں کہیں ذات کے زخم

میری اِس رُت سے محبت کی وجہ یہ بھی رہی

لاکھ بہتے رہیں دِکھتے نہیں برسات کے زخم

روز شمع کی طرح رو کے پگھل جاتی ہے شب

اور دن بھر میں سہلتے ہی نہیں رات کے زخم

جس کے انجام پہ کچھ وعدۂ فردا نہ ملے

مدتوں بھرتے نہیں ایسی ملاقات کے زخم

جو ہر اک بات پہ کہتا ہے بچھڑ جائیں گے ہم

ہے وہ حیراں کہ مِری روح پہ ہیں کس بات کے زخم


حنا بلوچ

No comments:

Post a Comment