Tuesday, 12 July 2022

گماں یہ تھا محبت آفریں ہوں

گماں یہ تھا محبت آفریں ہوں

مگر افسوس میں ایسا نہیں ہوں

مجھے امشب دیارِ یار لے چل

ندیما! میں بہت اندوہ گیں ہوں

مجھے دکھ جھیلنے کا حوصلہ ہے

مِرے عیسیٰ! میں فرزندِ زمیں ہوں

مجھے منظر سے ہٹ جانے کا کہ دو

میں کردار اضافی ہوں، نہیں ہوں

مجھے نفرت ہے جھوٹی بوتلوں سے

میں ان کو دیکھتا تک بھی نہیں ہوں

مِرا مقسوم ہے تو بالیقیں ہے

تِرا مقسوم ہوں میں، بالیقیں ہوں

کمائے کون اک لمحے میں مجھ کو

ریاضت سے ملوں داغِ جبیں ہوں


فیاض بوستان

No comments:

Post a Comment