Saturday, 9 July 2022

ہم نے کسی کی بات کو مانا تو ہے نہیں

 ہم نے کسی کی بات کو مانا تو ہے نہیں

دل میں تِرے علاوہ بسانا تو ہے نہیں

کیوں کہہ رہے ہو مجھ سے فلاں ہے، فلاں بھی ہے

میں نے تِرے سوا کہیں جانا تو ہے نہیں

جب آئے گا تو خود ہی مداوا کرے گا وہ

میں نے کسی کو زخم دکھانا تو ہے نہیں

درگاہ یار، دستِ دعا اور کسی کا دل

ان کے علاوہ اپنا ٹھکانہ تو ہے نہیں

تو پہلے اور لوگوں کو بے شک نواز لے

میں نے بھی آستان سے جانا تو ہے نہیں

کیوں فکر ہو کسی کو اثاثہ ہے کیا مِرا

ردی کا ڈھیر ہے یہ خزانہ تو ہے نہیں

کڑھتا رہوں گا جانے کہاں تک اکیلا ہی

جذبہ شکستہ دل کا بتانا تو ہے نہیں

بہتر ہے تم گلاب کو رہنے دو شاخ پر

اس نے یہ گیسوؤں میں سجانا تو ہے نہیں

بس تو ہے تیرے بعد قسم ہے کہ کچھ نہیں

اے دوستا! یہ سچ ہے، فسانہ تو ہے نہیں


اکرام افضل

No comments:

Post a Comment