Tuesday, 12 July 2022

مجھے خبر تھی کہ اس لمحے کیا ضروری تھا

 مجھے خبر تھی کہ اس لمحے کیا ضروری تھا

نگاہ بھر کے تجھے دیکھنا ضروری تھا

خبر ملی ہے تو پھر ٹھیک ہی ملی ہو گی

وہی مِرا ہے جو گھر میں بڑا ضروری تھا

وہ کہہ رہے تھے ضروری تھا ساتھ ہوتا کوئی

تو میں نے آہ بھری اور کہا؛ ضروری تھا

بھٹکنے والے نے مرتے ہوئے کہا یارو؛

مجھے یقین ہے شاید خدا ضروری تھا

جلال میں تھا کسی کو بھی مار سکتا تھا

فقیر کے لیے تب ناچنا ضروری تھا

انہی دنوں مجھے جب مل رہے تھے دوسرے لوگ

تمہارے ساتھ مِرا رابطہ ضروری تھا

خدا سے اتنی شکایت تو میری بنتی تھی

کہ مجھ سے پوچھ تو لینا تھا کیا ضروری تھا


ندیم بھابھہ

No comments:

Post a Comment