عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
دل نشین و دلکشا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
دل نواز و دلربا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
شہرِ مکہ آپﷺ کا، شہرِ مدینہ آپﷺ کا
میرے مولا کی رضا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
آپﷺ کی تخلیق، تخلیقِ دو عالم کا جواز
مرکزِ ارض و سما ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
جس وسیلے کی ہمیں تلقین کرتا ہے خدا
وہ مقامِ التجا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
سایۂ ابرِ کرم ہے آپﷺ کا نقشِ قدم
سارے عالم کی عبا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
امن کا باڑا جہاں تقسیم ہوتا ہے، حضورﷺ
وہ محبت کی جگہ ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
یہ ازل سے منتظر تھا آپﷺ کے چومے قدم
رتجگوں کا رتجگا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
میرا دامانِ طلب خالی کبھی رہتا نہیں
مخزنِ لطف و عطا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
اس کے صدقے میں دعاؤں کو پذیرائی ملی
خود بھی اک حرفِ دعا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
آپﷺ کے شہرِ ادب کی شام ہے کتنی حسیں
خوبرو ہے، خوشنما ہے، آپﷺ کا شہرِ کرم
جادۂ صبر و رضا پر یا محمدؐ مصطفیٰﷺ
حوصلہ ہی حوصلہ ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
میری دلجوئی کرے شہرِ محبت کی ہوا
یا نبیﷺ، دل کا بڑا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
خالق و مخلوق کا تقسیم کرتا ہے شعور
ایک سیدھا راستہ ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
منفرد ہے اس کی ہر شامِ ثناء صبحِ ادب
سارے شہروں سے جدا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
رزق ملتا ہے پھلوں کا شہرِ طیبہ میں، حضورؐ
سائبانِ ہر گدا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
میری آنکھیں گنبدِ خضرا کا کرتی ہیں طواف
میری آنکھوں میں سجا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
کیا مری اوقات لیکن اے مرے اچھے رسولﷺ
کس محبت سے ملا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
مفلسی میری بدل جائے امیری میں، حضورﷺ
معجزہ ہے معجزہ ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
یاسیت نے گھیر رکھا ہے مجھے، میرے رسولؐ
بے نواؤں کی نوا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
ہر کسی کی آبرو، اسمِ گرامی آپﷺ کا
ہر کسی کا منتہا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
منزلِ خورشید ہے دہلیز، آقاﷺ، آپ ﷺ کی
حسرتِ کلکِ ثنا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
عدل کے روشن چراغوں سے اٹھا اس کا خمیر
خاکِ نوری سے بنا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
ہر طرف امن و اماں کی فاختاؤں کا نصاب
ردِ شر، ردِ بلا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
ہر طرف ایثار و قربانی کے تابندہ نقوش
ہر قدم چرخِ وفا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
ہر طرف خوشبو کے پرچم، ہر طرف بادِ خنک
جانِ گل، جانِ صبا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
میں ریاضِ بے نوا جاؤں کہاں در چھوڑ کر
جب مقدّر سے ملا ہے آپﷺ کا شہرِ کرم
ریاض حسین چودھری
No comments:
Post a Comment