نشے کی لت میں بزرگوں کا مان بیچا گیا
اڑھائی مرلے کا کچّہ مکان بیچا گیا
یہ بات قتل سے زیادہ بُری لگی مجھ کو
کہ خُوں بہا کے لیے خاندان بیچا گیا
مِری پڑھائی پہ جب ماں نے بالیاں بیچیں
مجھے لگا، مِری خاطر جہان بیچا گیا
جو بول سکتے تھے ان کی زبانیں کاٹی گئیں
پھر اس کے بعد ہر اک بے زبان بیچا گیا
یہ کھیل کھیلا گیا پچھلی کئی دہائیوں سے
کبھی غُلام،۔ کبھی حُکمران بیچا گیا
خُدا کے نام پہ چندے وصول ہوتے رہے
زمیں خریدی گئی،۔ آسمان بیچا گیا
عجیب قسم کے جھانسے ملازمت کے دئیے
پرائے دیس میں میرا جوان بیچا گیا
شکیل پتافی
No comments:
Post a Comment