Friday, 27 November 2026

روٹھ جائیں بھی تو ہوتے ہیں منانے لائق

 رُوٹھ جائیں بھی تو ہوتے ہیں منانے لائق

لوگ مِلتے ہیں کئی دل میں بسانے لائق

رہ گیا ہو تو بتاؤ؟ میں نِبھاؤں گا حضور

کوئی وعدہ یا قسم میرے اُٹھانے لائق

پاس بیٹھو میں تمہیں اپنی سُناؤں رُودادِ

قِصۂ عرضِ تمنا ہے سُنانے لائق

اک قدم بڑھ کے نِبھائے ہیں سبھی قول و قرار

ہم نے چھوڑا ہی نہیں اس کو بہانے لائق

چشم و دل وا ہیں چلے آؤ بدن کے اندر

اور کچھ گھر میں نہیں تم کو بِٹھانے لائق

پاؤں پھیلاؤں تو سر بر سرِ دیوار نہ ہو

کاش مِل جائے زمِیں اِتنی ٹھکانے لائق

کیا کہوں پھانس سی اک دل میں کھٹکتی ہے ہنوز

یادِ ماضی ہے تصوّر سے مِٹانے لائق

ہو کوئی حُسن کی معراج پہ فائز جاوید

کوئی تو شخص ہو دُنیا کو دِکھانے لائق


ڈاکٹر مدثر جاوید ملک

No comments:

Post a Comment