Tuesday, 24 November 2026

غم ہجراں سے اے جان جہاں ہم بن سنور نکلے

 غمِ ہِجراں سے اے جانِ جہاں ہم بن سنور نِکلے

سِتم تیری جُدائی کے سبھی ہی بے اثر نکلے

خُدا تیرے جنہیں اپنی خُدائی پر تکبّر تھا

ہٹا جو رُخ سے پردہ تو پسِ پردہ بشر نکلے

مگر آساں نہیں تھے سب بھُلا دینے کے رنج و غم

گُماں تیرے در دل سے لہُو میں ڈُوب کر نکلے

نہ جذب شوق کام آیا نہ سوز عشق کام آیا

 نہ جذبِ شوق کام آیا نہ سوزِ عشق کام آیا

اشارے سے اسی کے چاہنے والوں میں نام آیا

کسے تابِ نظر تھی دِید کا جب حُکمِ عام آیا

ہزاروں بجلیاں کوندیں وہ جب بالائے بام آیا

مِری تقدیر کی تاریکیاں جب بڑھ گئیں حد سے

سِیہ خانے میں میرے آپ وہ ماہِ تمام آیا

Monday, 23 November 2026

قیدی کو فقط زہر بجھے تیر کا ڈر ہے

 ورنہ اسے تعزیر نہ زنجیر کا ڈر ہے

قیدی کو فقط زہر بجھے تیر کا ڈر ہے

مِسمار کا خدشہ تو بہت بعد میں، پہلے

اک کھوکھلی بُنیاد پہ تعمیر کا ڈر ہے

جو مُجھ کو ڈراتا ہے مِری نیند میں اکثر

اس ایک بُرے خواب کی تعبیر کا ڈر ہے

اس کے پھولوں کو سنبھالے رکھنا

 اُس کے پھُولوں کو سنبھالے رکھنا

غم کی راتوں میں اُجالے رکھنا

بے وقوفوں سی ہے حرکت یہ تو

سانپ پہلو میں ہی پالے رکھنا

میرے نزدیک محبت 💖 یہ ہے

دل بے دردوں کے حوالے رکھنا

گمرہی کو وہ ہوا دینے لگے

 گُمرہی کو وہ ہوا دینے لگے

ایسا ویسا مشورہ دینے لگے

کس کی سازش پر مِرے دل کے چراغ

آندھیوں کو راستہ دینے لگے

کس سبب سے پھِر گیا مُنصف کا دل

آج نا حق فیصلہ دینے لگے

زہر کا جام جب اٹھا لو گے

 زہر کا جام جب اُٹھا لو گے

تم بھی سُقراطِ عہدِ نو ہو گے

ہر طرف راج ہے اندھیروں کا

آنکھ رکھتے ہوئے بھی بھٹکو گے

خُود کو اوروں کی آنکھ سے دیکھو

کب تلک آئینے میں دیکھو گے

چمن فریب نظاروں کا حال کیا ہو گا

 چمن فریب نظاروں کا حال کیا ہو گا

وہ آ گئے تو بہاروں کا حال کیا ہو گا

شبِ فِراق کو میں صُبح کر تو لوں لیکن

سحر ہوئی تو سِتاروں کا حال کیا ہو گا

یہ انتظارِ مُسلسل،۔ یہ اِضطرابِ درُوں

اب اور عِشق کے ماروں کا حال کیا ہو گا

Sunday, 22 November 2026

خود بجھانے بھی لگا آگ لگانے والا

 کِتنا شاطِر ہے نشیمن کو جلانے والا

خُود بُجھانے بھی لگا آگ لگانے والا

جیسے مُمکن ہو نِکل جاؤں زمانے سے پرے

سوچتا ہے یہی ہر ایک زمانے والا

دردمندوں کو ہی ہر دل میں جگہ مِلتی ہے

ہر کوئی ہوتا نہیں دل میں سمانے والا

کسی کی یاد جو آئی قرار جاں کی طرح

 کسی کی یاد جو آئی قرارِ جاں کی طرح

چلے ہیں آج مِرے اشک کارواں کی طرح

بنا چکے تھے وہ وِیران دل کی مسجد کو

صدائیں دل نے مِرے دیں کسی اذاں کی طرح

ضرور دُشمنوں کا تِیر اس میں شامل ہے

ہمیں وہ دیکھ کے کھِنچ جاتے ہیں کماں کی طرح

ہر خوشی رنج کا سامان ہوئی جاتی ہے

 ہر خُوشی رنج کا سامان ہوئی جاتی ہے

زندگی مِیر کا دِیوان ہوئی جاتی ہے

ہم سمجھتے تھے کہ آسان ہوئی جاتی ہے

زندگی اور پریشان ہوئی جاتی ہے💢

یہ بھی اچھا ہے کہ روز اک نیا غم مِلتا ہے

دوستوں کی مُجھے پہچان ہوئی جاتی ہے

جانے کیسی نفرت ہے برہمی نہیں جاتی

 جانے کیسی نفرت ہے برہمی نہیں جاتی

روز خُون پیتے ہیں، تشنگی نہیں جاتی

کِتنے ہی چراغوں کو گُل کِیا زمانے میں

پھر بھی اے ہوا! تیری خُودسری نہیں جاتی

دُوریاں مِٹاتے ہیں لاکھ ہم زمانے سے

اُن کے دل سے لیکن یہ بے رُخی نہیں جاتی

نظر میں رنگ ہے کوئی نہ محفل ہے نہ بادہ ہے

 نظر میں رنگ ہے کوئی نہ محفل ہے نہ بادہ ہے

کتابِ زندگی کا ہر ورق سادہ ہی سادہ ہے

مِلے ہیں شہ سوار اکثر غُبارِ راہ میں اس کی

سُبک رو ہے جنُونِ شوق، مانا پا پیادہ ہے

جنُونِ شوق میں ہم آگے آگے بڑھتے جاتے ہیں

نہ منزل ہے کوئی اپنی، نہ اپنا کوئی جادہ ہے

زر دیکھ رہا ہوں نہ گہر دیکھ رہا ہوں

 زر دیکھ رہا ہوں نہ گُہر دیکھ رہا ہُوں

میں صرف محبت کی نظر دیکھ رہا ہوں

یہ کیسا سِتم شام و سحر دیکھ رہا ہوں

نیزوں پہ اُچھلتے ہوئے سر دیکھ رہا ہوں

چہروں پہ اُداسی ہے جِدھر دیکھ رہا ہوں

سہما ہوا ہر فرد و بشر دیکھ رہا ہوں

Saturday, 21 November 2026

پردے اٹھے ہوئے ہیں کوئی درمیاں نہیں

 پردے اُٹھے ہوئے ہیں کوئی درمیاں نہیں

ہر لمحہ اک سوال ہے منہ میں زباں نہیں

یہ کیا کہ طُور پر ہی بُجھے پیاس دِید کی

ذوقِ نِگاہ چاہیے،۔ جلوہ کہاں نہیں

اک دِن ضرور منزلِ مقصود پائے گا

تنہا ہے اس کے ساتھ کوئی کارواں نہیں

مدینے کا دلکش دیار اللہ اللہ

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


مدِینے کا دلکش دیار اللہ اللہ

وہ ہر ذرہ باغ و بہار اللہ اللہ

وہ لبّیک لبّیک بر لب محبت

دل و رُوح کی وہ پُکار اللہ اللہ

بہ جذبِ محبت، بفیضِ تخیّل

مدِینے سے ہُوں ہمکنار اللہ اللہ

کچھ غم زیست کے آلام ابھی باقی ہیں

 کُچھ غمِ زِیست کے آلام ابھی باقی ہیں

زندگی!! تیرے لیے کام ابھی باقی ہیں

جن سے وابستہ ہے شہرت تِرے میخانے کی

ایسے ٹُوٹے ہوئے کچھ جام ابھی باقی ہیں

شب کی تاریکی نے دُنیا کی بہاریں لُوٹیں

آشنائے سحر و شام ابھی باقی ہیں💢

گماں کے در پہ تیقن کے آستانوں میں

 گُماں کے در پہ، تیقّن کے آستانوں میں

بھٹک رہا ہوں علامت کے دو جہانوں میں

ازل کی یاد نہیں ہے، ابد کا دھیان نہیں

بکھر گیا ہے تفکّر کئی زمانوں میں

مِرے وجود کو نِسبت مِرے خیال سے ہے

مِرا شمار کہاں ہو گا رائیگانوں میں

مٹ کر بھی غم دوست میں آرام نہ آیا

 مِٹ کر بھی غمِ دوست میں آرام نہ آیا

حد ہو گئی مرنا بھی مِرے کام نہ آیا

عُشّاق کی قِسمت کو بُرا کہتی ہے دُنیا

صد شکر کہ تم پر کوئی اِلزام نہ آیا

ہر چند بغاوت پہ اُبھارا غمِ دل نے

لیکن مِرے ہونٹوں پہ تِرا نام نہ آیا

عشق نے تیرے نہ جانے کیا تماشا کر دیا

 عِشق نے تیرے نہ جانے کیا تماشا کر دیا

ایک قطرہ تھا میں لیکن مُجھ کو دریا کر دیا

جب جنُوں میرا بڑھا تو اُس نے ایسا کر دیا

اُن کو شرمندہ کِیا اور مُجھ کو رُسوا کر دیا

عِشق میرا چھُپ نہیں سکتا چھُپانے سے مِرے

آنسوؤں نے خوب بہہ کر اس کو افشا کر دیا

Friday, 20 November 2026

دوسرا رخ اجالے سے کہا بڑھتی ہوئی تاریکیوں نے

 دُوسرا رُخ


اُجالے سے کہا بڑھتی ہوئی تاریکیوں نے

تمہاری زِندگی کا اب تو وقتِ شام آ پہنچا

جوانی ڈھل چکی اب موت کا پیغام آ پہنچا

تمہاری تمکنت کا آخرِش انجام آ پہنچا


ذرا جاتے ہوئے تم اپنے سُورج کو تو دیکھو

پشیمانی سے چہرہ سُرخ اس کا ہو گیا ہے