Wednesday, 25 November 2026

دامن میں اس کے جو تھا لٹا کر چلا گیا

 دامن میں اس کے جو تھا لُٹا کر چلا گیا

اک خُواب سا مُجھے وہ دِکھا کر چلا گیا

آیا تھا چند روز وہ مہماں زمیں پر

تارا وہ عرش کا تھا جو آ کر چلا گیا

کچھ پھُول جیسے رِشتے تھے مُٹھی میں اُس کی قید

یادوں کی خُود صلِیب اُٹھا کر چلا گیا

پھر ترا کوزہ گر بھرم رکھا

 پھر تِرا کُوزہ گر بھرم رکھا

خاک نے چاک پر قدم رکھا

میں نے رکھی تھیں راہ پر آنکھیں

اور بدلے میں اس نے نم رکھا

درد کا ہو رہا تھا بٹوارا

اپنے حصے کا اس نے کم رکھا

تمہارا چاہنے والا جدھر جدھر جائے

 تمہارا چاہنے والا جِدھر جِدھر جائے

دِلوں کو پیار مِلے روشنی بِکھر جائے

کِسی مقام پہ ٹھہرے یہ زندگی لیکن

ہر ایک لمحہ تِری یاد میں گُزر جائے

ہر ایک در سے جسے ٹھوکریں نصیب ہوئیں

تِرے خیال سے وہ آدمی کِدھر جائے؟

کئی دن بعد اپنے پر ملے تھے

 کئی دن بعد اپنے پر مِلے تھے

سو ہم افلاک سے جا کر ملے تھے

بہت دن پتھروں میں رہ کے دیکھا

تبھی دیوار سے بہتر ملے تھے

بنائی اک نئی دُنیا دھنک سے

مگر اس سے بھی ہم باہر ملے تھے

جو دل کو غم کی جیتی جاگتی تصویر کہتے ہیں

 جو دل کو غم کی جیتی جاگتی تصویر کہتے ہیں

نِگاہِ ناز کو چلتی ہوئی شمشِیر کہتے ہیں

وفورِ گِریۂ بے اختیارِ دل کا کیا کہنا

ہر آنسُو کو ہجُومِ درد کی تصویر کہتے ہیں

اب اپنی جُستجُو میں خاک اُڑاتا ہوں بیاباں کی

مگر خوابِ محبت کی اسے تعبیر کہتے ہیں

Tuesday, 24 November 2026

تم کبھی جان نہ پاؤ گے حقیقت کیا ہے

 تم کبھی جان نہ پاؤ گے حقیقت کیا ہے

زندہ ہوتے ہوئے مر جانے کی وحشت کیا ہے

تم کِسی شب مِری آنکھوں میں ٹھہر کر دیکھو

رات بھر جاگتے رہنے کی اذِیّت کیا ہے

پُوچھ اس شخص سے جس کو تُو میسر ہی نہیں

آنکھ بھر کے تُجھے تکنے کی سہولت کیا ہے

سنہرے خواب کی تعبیر بھی ڈراتی ہے

 سُنہرے خواب کی تعبیر بھی ڈراتی ہے

غریبِ وقت کو تقدیر بھی ڈراتی ہے

کسی کو خوفزدہ کرتی ہے یہ گُمنامی

کسی کو کثرتِ تشہیر بھی ڈراتی ہے

وہ جن کے دل میں ہے شُبہات کی فراوانی

اسے شِکستہ سی زنجیر بھی ڈراتی ہے