ندی ہی آفت سی کچھ مچا دے
زمیں کی تشنہ لبی مٹا دے
اندھیری راتوں کے سلسلے ہیں
چراغ چہروں کی لَو بڑھا دے
بھنور میں اُتروں کہ لوٹ جاؤں
مجھے بھی موجوں کا حوصلہ دے
بدن کی سرحد میں قید مت رکھ
پرندِ جاں کو کُھلی ہوا دے
جو روزِ اول سے در بدر ہیں
مسافتوں کا انہیں صلہ دے
یقین میرا رہے سلامت
بریدہ شاخوں پہ گُل کھلا دے
دُکھوں کا سورج زوال پر ہو
کوٸی تو ایسا بھی دن خدا دے
میں دشتِ امکاں کو چھان آئی
سمندروں کو بھنور بنا دے
عذاب ہو گی یہ خود شناسی
نہ میرے ہاتھوں میں آئینہ دے
نمی دے شبنم سی منظروں میں
دہکتے شعلوں کو اب بجھا دے
تمام رشتے ببول صورت
کسے تبسم کوئی صدا دے
کہکشاں تبسم
No comments:
Post a Comment