Thursday, 23 December 2021

اس سے پہلے پھول باسی ہو جائیں

 معلق ہوئی کھسیانی ہنسی


اس سے پہلے

پھول باسی ہو جائیں

وہ

مجھے مرا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں

وہ میری میت پہ

مرے ہوئے پھول نہیں ڈالنا چاہتے

مگر مجھ پہ

مرے ہوئے نوحے لکھ لکھ کر

مجھ سے جوڑے رشتے پہ تھوکتے

لعنت بجھتے

کُرلاتی آواز میں بین کرنا چاہتے ہیں

میری ٹکٹکی پہ بندھی زندگی

ان کہی آہنی ضربوں سے

ہمیشہ خونچکاں رہی ہے

لیکن میں نے کبھی

بڑھ کر دروازہ نہیں کھولا

مگر اب

ٹوٹی دیوار میرے کمرے تک آ گئی ہے

تماش بین پونوں میں روٹیاں باندھے

مجھے سنگسار ہوتا دیکھنے کے لیے

جوق در جوق آرہے ہیں

”پانی کے چند گھونٹ ملیں گے”

میں نے قلم نما خنجر پکڑے قاتل سے پوچھا

ابھی کچھ دیر انتظار کرو”

مرنے سے پہلے تمہاری آخری

”خواہش پوری کر دی جائے گی

قاتل نے قلم نما خنجر سے

قصیدہ لکھتے ہوئے کہا

”تم مجھے کب مارنا شروع کرو گے؟”

آغاز ہو چکا ہے”

مکمل بھی مار دیں گے

”مجھے قصیدہ مکمل کرنے دو

قاتل نے قلم نما خنجر

ایک طرف رکھتے کہا

ایک بات تو بتاؤ”

تم کالی سیاہ

زمین کی کوکھ سے پیدا ہو کر

روشن نظمیں کیسے لکھ لیتے ہو؟

اور یہ بھی بتاؤ

”کیسی موت پسند کرو گے؟

میرے اندر”

سمندر کی آخری تہہ کی مچھلیاں ہیں

جن کی آنکھیں نہیں ہوتی

مگر جو تمہارے

اس خنجر کی دھار سے زیادہ

روشن ہوتی ہیں

اور

میں بہت آہستہ آہستہ مرنا چاہتا ہوں

”تاکہ تم کو ہمبا سکوں

میرا جواب سن کر

روٹی سے خالی پونے پکڑے تماش بین

زور دار قہقہے لگانے لگے

مگر

قاتل کے قلم نما نوکدار خنجر پہ

کھسیانی ہنسی معلق ہو کر رہ گئی


مسعود قمر

No comments:

Post a Comment