Monday, 20 December 2021

سامنے ہیں سرور کون و مکاں آہستہ بول

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


سامنے ہیں سرورِؐ کون و مکاں، آہستہ بول

اے لبِ لرزاں! دلِ گریہ کُناں، آہستہ بول

اے وفورِ شوق! اے جذبِ رواں، آہستہ بول

یہ سماں ہے صبحِ طیبہ کا سماں، آہستہ بول

اے غلامِ مصطفیٰؐ! یہ ہے مقامِ مصطفیٰؐ

آپﷺ محوِ استراحت ہیں یہاں، آہستہ بول

میرے انؐ کے درمیاں حرفِ سخن کچھ اور ہے

اے زمانے! میرے انؐ کے درمیاںم آہستہ بول

میں زمینِ گلشنِ طیبہ پہ ہوں محوِ خرام

اے دیارِ کہکشاں! اے آسماں، آہستہ بول

یہ دیارِ سرورِﷺ دیں ہے، ذرا آہستہ چل

آ رہی ہے دل کے کعبے سے اذاں، آہستہ بول

بولنا چاہوں اگرمیں اپنے آقاﷺ کے حضور

بول اُٹھتا ہے مِرا دردِ نہاں، آہستہ بول

یہ سلامِ زندگی،۔ پیشِ امامِ زندگی

بولنے والے! مثالِ قدسیاں، آہستہ بول

لطف تو جب ہے کہ انؐ سے بات ہو بولے بغیر

بول، لیکن صاحبِ تسلیمِ جاں، آہستہ بول

رحمتِ کُل سے زبانِ گلفشاں میں بات کر

بات کر، پھر بھی زبانِ گلفشاں، آہستہ بول

بولنا واجب نہیں سرکارﷺ کے دربار میں

آپؐ سُن لیتے ہیں اشکوں کی زباں، آہستہ بول

انؐ کو بے حرف و صدا بھی پیش کرتے ہیں سلام

کیا زمیں کیا آسماں، کیا اِنس و جاں، آہستہ بول


شوکت ہاشمی

No comments:

Post a Comment